سردار محمد یوسف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کو پہلی مرتبہ عالمی مقابلۂ حسن قرات کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر جن اصلاحات کا آغاز کیا گیا تھا، وزارت مذہبی امور کو دوبارہ انہی خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ موجودہ حکومت میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں علما و مشائخ کونسل کا کنونشن منعقد کیا گیا، نظامِ صلوٰۃ اور قرآن بورڈ کے قیام کے لیے کام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قرآن حکیم سرچشمۂ ہدایت ہے اور اس سلسلے میں منعقدہ یہ تقریب انتہائی مسرت کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے 40 ممالک سے ممتاز قراء حضرات مقابلے میں شرکت کر رہے ہیں، جو پاکستان کے لیے بڑے اعزاز اور سعادت کی بات ہے۔ ایسی روحانی محافل سے نہ صرف دنیا و آخرت میں کامیابی کی امید ہے بلکہ ملک میں عربی زبان کی ترویج میں بھی مدد ملے گی۔

سردار یوسف نے امید ظاہر کی کہ اس بابرکت اجتماع کے مثبت اثرات معاشرے میں دینی تعلیم، خصوصاً عربی زبان کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔