رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 15 جون 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اسی روز ملک کے مختلف حصوں میں غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ماہرین فلکیات اور رویت ہلال کے اصولوں کے مطابق عام طور پر چاند کی واضح رویت کے لیے اس کی عمر کم از کم 18 گھنٹے یا اس سے زیادہ ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔ اس لیے 15 جون کی شام ملک کے کسی بھی حصے میں چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
خالد اعجاز مفتی کا کہنا تھا کہ اگر موسمی حالات معمول کے مطابق رہے تو 16 جون کی شام محرم الحرام کا چاند باآسانی دیکھا جا سکے گا، جس کے بعد ملک بھر میں یکم محرم الحرام 17 جون بروز بدھ ہونے کا قوی امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ہل پارک کے ایم سی کی پراپرٹی تھی اور رہیگی، ایک انچ جگہ بھی کسی کو نہیں دی: مرتضیٰ وہاب
انہوں نے مزید کہا کہ حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے شہادتوں اور شرعی اصولوں کی روشنی میں کیا جائے گا، تاہم فلکیاتی حسابات موجودہ صورتحال میں 17 جون کو نئے اسلامی سال کے آغاز کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں یومِ عاشور کی مناسبت سے مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کی تیاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر سال کی طرح سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اسلامی مہینوں کے آغاز کا انحصار چاند کی رویت پر ہوتا ہے اور پاکستان میں نئے قمری مہینے کا سرکاری اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرتی ہے، جس کے فیصلے کا اطلاق ملک بھر میں ہوتا ہے۔







