نجی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے حوالے سے کہا کہ ان شاء اللہ ایک یا دو روز میں معاہدہ طے پا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں فریقین کو مذاکرات کے لیے آمادہ کیا تاکہ سفارتی عمل جاری رہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مختلف مواقع پر اسرائیل نے منفی اور تباہ کن کردار ادا کیا۔ ان کے بقول لبنان میں اسرائیل نے بے گناہ بچوں اور شہریوں کو نشانہ بنایا، جب کہ اس کی خواہش اور کوشش یہی تھی کہ خطے میں کشیدگی اور تنازع برقرار رہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسرائیل چاہتا تھا کہ امریکا اس خطے میں مسلسل مصروف رہے، تاہم ان کے خیال میں امریکی انتظامیہ نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا اور عالمی قیادت کے شایانِ شان رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایسے طرزِ عمل کی مثال قائم کی جو ایک عالمی رہنما سے توقع کی جاتی ہے۔
ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایرانی قوم ہزاروں سال پر محیط تاریخ کی حامل ہے اور اس نے وطن سے محبت اور جرات کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔






