اعلامیے کے مطابق وزارت تجارت نے ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے برآمدات پر فنانشل انسٹرومنٹس سے عارضی استثنیٰ منظور کیا ہے۔ زمینی راستے کے ذریعے ایران، آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ممالک کو برآمدات کی اجازت دی گئی ہے۔

ایران کو چاول، سمندری خوراک، آلو، گوشت، پیاز، مکئی اور پھلوں سمیت متعدد اشیاء برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ فارماسیوٹیکل مصنوعات اور ٹینٹس کی برآمد بھی اس رعایت میں شامل ہیں۔

وزارت تجارت کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ضوابط سے جزوی استثنیٰ دیا گیا ہے اور برآمدی آمدن مقررہ مدت میں واپس لانے کی شرط برقرار ہے۔ اس اقدام سے خطے میں تجارتی روابط مضبوط ہوں گے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال کے مطابق یہ خصوصی رعایت تین ماہ کے لیے دی گئی ہے اور 24 مارچ سے 21 جون 2026 تک نافذ العمل ہوگی۔

وفاقی وزیر تجارت نے مزید کہا کہ ایران کے راستے تجارت سے برآمد کنندگان کے اخراجات اور وقت میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جایا جائے گا۔