چینی ٹی وی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے پانڈا بانڈ کا اجراء نہ صرف پاکستان اور چین کے مالیاتی تعاون میں ایک نئے باب کا آغاز ہے بلکہ اس کے ذریعے پاکستان کو پہلی بار چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک براہِ راست رسائی بھی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان کی معاشی ساکھ اور عالمی مالیاتی اداروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے، اس پیش رفت سے پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کو نئی جہت ملے گی۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ اس وقت پاکستان اور چین کے درمیان تقریباً ایک چوتھائی تجارت چینی کرنسی آر ایم بی اور یوآن میں ہو رہی ہے، جبکہ پانڈا بانڈ کے اجرا سے عالمی سطح پر آر ایم بی کے کردار کو بھی مزید فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں بنیادی توجہ صنعتی تعاون، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری پر مرکوز ہے، اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترجیحات ایک دوسرے سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔
مزید پڑھیں: امریکی تحویل سے 20 ایرانی اور 11 پاکستانی شہریوں کی رہائی میں کامیابی حاصل کر لی گئی، اسحاق ڈار
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ٹیکس نظام، توانائی کے شعبے اور سرکاری اداروں میں جاری اصلاحات سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق موجودہ علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھا ہے، جو حکومت کی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے چینی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی اور پانڈا بانڈ کا اجرا ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جو مستقبل میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔







