تفصیلات کے مطابق مشترکہ بحری افواج نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ پاکستانی بحریہ نے سعودی رائل نیوی سے کثیر القومی ٹاسک فورس 150 کی قیادت حاصل کی ہے۔ اس حوالے سے تبدیلیٔ کمان کی تقریب 28 جنوری 2026 کو بحرین میں نیول سپورٹ یونٹ کے جہاز پر منعقد ہوئی۔
بیان کے مطابق سعودی رائل نیوی کے کموڈور فہد الجعید نے مشترکہ فورس کی کمان پاکستانی کموڈور محمد یاسر طاہر کے سپرد کی۔ اس موقع پر مشترکہ بحری افواج کے کمانڈر، امریکی وائس ایڈمرل کرٹ رینشا بھی موجود تھے۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ اگست 2025 میں سعودی عرب کی جانب سے کمان سنبھالنے کے بعد ٹاسک فورس 150 نے کامیابی کے ساتھ 34 سے زائد تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 16 ٹن سے زیادہ منشیات ضبط کی گئیں، جن کی مالیت تقریباً دو ارب امریکی ڈالرز بتائی گئی ہے۔
#ISPR
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) January 29, 2026
Rawalpindi, 29 January, 2026#Pakistan Navy took over the command of Combined Task Force-150 (CTF-150) for the 14th time during a change of command ceremony held at the Headquarters of Combined Maritime Forces (CMF), #Bahrain
Commodore Muhammad Yasir Tahir of Pakistan… pic.twitter.com/31wzo4SKFE
پاکستانی کموڈور محمد یاسر طاہر نے کہا کہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 سمندر میں امن، استحکام اور نظم و ضبط کے قیام کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ بطور کمانڈر میری اولین ترجیح علاقائی ممالک، شراکت دار ریاستوں اور بحری تنظیموں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کمبائنڈ ٹاسک فورس 150، مشترکہ بحری افواج کے پانچ ورکنگ گروپس میں سے ایک ہے، جسے فروری 2002 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس فورس کا مشن خلیجِ عمان، بحیرۂ عرب اور بحرِ ہند میں منشیات، غیر قانونی سامان اور اسلحے کی اسمگلنگ کو روکنا اور اس میں خلل ڈالنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ٹاسک فورس 150 نے مغربی بحرِ ہند، خلیجِ عدن اور باب المندب کے علاقوں میں قزاقی کے خلاف ایک نئی اور مرکوز کارروائی کا آغاز بھی کیا تھا، جو عالمی تجارت اور سمندری استحکام کے لیے انتہائی اہم سمندری راستے ہیں۔







