ان کے مطابق مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی میں 50 ارب روپے آمدن متوقع ہے، جب کہ مالی سال کے اختتام تک پاکستان ریلویز اپنی تاریخ میں پہلی بار ایک کھرب روپے آمدن کا سنگِ میل عبور کر لے گا۔

وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا کہ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو ڈائریکٹوریٹ میں تبدیل کرنے سے ریلوے حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سیفٹی ڈائریکٹوریٹ کے قیام کے بعد حادثات کی شرح 0.09 فیصد سے کم ہو کر 0.04 فیصد رہ گئی ہے، جب کہ اس عرصے کے دوران ریلوے کو کسی بھی سیریس نوعیت کے حادثے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ 2025 میں راولپنڈی کو ملک کا پہلا سمارٹ ریلوے اسٹیشن بنا دیا گیا ہے، جہاں جدید کیمرے اور سیکیورٹی سسٹم نصب ہیں۔ 2026 میں ملک کے دیگر بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو بھی سمارٹ بنانے کا منصوبہ ہے، جب کہ ٹرینوں میں کیمرے لگانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔

وزیرِ ریلوے کے مطابق پاکستان ریلویز نے صرف 8  ماہ کے دوران ٹرینوں کے 8 ریکس کو اپ گریڈ کیا ہے، جن میں شالیمار، پاک بزنس، لاثانی اور فیض احمد فیض ٹرینیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر 2026  تک پاکستان ریلویز کی تمام ٹرینیں اپ گریڈ کر دی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور، کراچی، راولپنڈی اور فیصل آباد کے ریلوے اسٹیشن اپ گریڈ کر دیے گئے ہیں، جب کہ ریلوے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے اور وزارت کا تمام کام ای فائلنگ پر منتقل ہو چکا ہے۔ اب تمام بڑے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم، ڈی وی ایم اور پی او ایس مشینیں دستیاب ہیں۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ریلوے میں حاضری کا نظام بھی کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے اور بغیر دفتر آئے کسی ملازم کو تنخواہ نہیں ملے گی۔ سال 2025 کے دوران قابضین سے 394 ایکڑ ریلوے اراضی واگزار کروائی گئی ہے، جب کہ دسمبر 2026 تک تمام ریلوے اراضی واگزار کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین ریلوے اسکول آؤٹ سورس کر دیے گئے ہیں اور باقی اسکول آئندہ چھ ماہ میں آؤٹ سورس کر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ گیارہ مزید ٹرینیں بھی آؤٹ سورس کی جا رہی ہیں۔

وزیرِ ریلوے کے مطابق لاہور، خانیوال، ملتان، کراچی اور راولپنڈی اسٹیشنوں کی صفائی کا نظام آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب ان اسٹیشنوں پر رات 12 بجے بھی صفائی کا عمل جاری رہتا ہے۔ اسٹیشنوں پر کھانے کے معیار کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، جسے صوبائی فوڈ اتھارٹیز کسی بھی وقت چیک کر سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے اور اس منصوبے کی جولائی میں گراؤنڈ بریکنگ کر دی جائے گی۔