مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (اتوار) کراچی میں منعقد ہوا، جس میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی، جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بھی منعقد ہوئے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کے بعد ذوالحج کا چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ اس اعلان کے مطابق پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منائی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، انڈونیشیا، ملائیشیا، ترکیہ اور تیونس میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد ان ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔