ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کاروبلس سے ملاقات کے دوران کیا، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے چار سال کے وقفے کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں کامیاب واپسی کی ہے، جہاں یوروبانڈ کے اجرا پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور اعتماد کا اظہار دیکھنے میں آیا، یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت کے حوالے سے مثبت تاثر فروغ پا رہا ہے۔
وزیر خزانہ کہا کہ حکومت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے، مالیاتی خسارے میں کمی اور معیشت کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف عالمی مالیاتی اداروں اور مارکیٹس سے مزید فنڈنگ کے حصول کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ملاقات کے دوران یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس دونوں فریقین کے درمیان اقتصادی تعاون میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔
محمد اورنگزیب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست واپسی، 100 انڈیکس 2 ہزار پوائنٹس سے زائد اضافہ
پاکستان-یورپی یونین بزنس فورم میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئےوفاقی وزیر خزانہ کہا کہ وہ 28 اپریل کو ہونے والے افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے، جہاں سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود مواقع اور حکومتی پالیسیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتا ہوا اقتصادی تعاون نہ صرف برآمدات میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔







