پولیس کے مطابق قیوم آباد چورنگی پر پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرنے والے 10 نامزد افراد سمیت درجنوں نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

کورنگی صنعتی ایریا تھانے کے اے ایس آئی عبدالقادر چنہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 692/2026 تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 147، 149، 341، 186 اور 427 کے تحت درج کیا گیا۔

مدعی اے ایس آئی عبدالقادر چنہ کے مطابق وہ دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرکاری موبائل میں گشت پر مامور تھے کہ مددگار 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ قیوم آباد چورنگی پر پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج جاری ہے اور بڑی تعداد میں لوگ جمع ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر وہ دیگر اہلکاروں کے ہمراہ دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر موقع پر پہنچے، جہاں 100 سے 200 افراد کا ہجوم موجود تھا۔ مظاہرین نے دونوں اطراف کی سڑکیں بند کر رکھی تھیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

پولیس افسر کے مطابق احتجاج کے دوران بعض افراد گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا رہے تھے، جس پر مزید نفری طلب کی گئی۔ بعد ازاں پولیس نے ہجوم کو منتشر کرکے دونوں سڑکیں کھلوائیں اور ٹریفک کی روانی بحال کرائی۔

مدعی کے مطابق موقع پر موجود افراد کی شناخت کی گئی، جن میں چند افراد کو نامزد کیا گیا، جبکہ 100 سے 200 نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ مظاہرین نے سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا، گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور سرکاری امور میں مداخلت کی۔

کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ نامزد اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔