اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں مسلسل قربانیاں دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق بعض دہشت گرد گروہوں کے روابط بھارت سے جڑتے ہیں، جو خطے میں بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت کا اظہار کیا، جبکہ عسکری قیادت نے ملکی سلامتی کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک سال قبل کاکول میں وزیراعظم نے پہلگام واقعے پر واضح مؤقف اختیار کیا، جو سفارتی سطح پر ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔

ان کے مطابق پاکستان نے پہلگام واقعے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی، تاہم بھارت کے الزامات کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں ملی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مؤقف واضح طور پر سامنے آیا ہے جبکہ بھارت کا بیانیہ کمزور ثابت ہوا ہے۔