موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم تھری کو درخانہ سے رجانہ تک بند کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے ایم فور کو گوجرہ سے ملتان تک،  جب کہ موٹروے ایم فائیو کو ملتان سے ظاہر پیر تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، کیونکہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

سید عمران احمد نے روڈ یوزرز کو ہدایت کی کہ وہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے شہریوں کو دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔

ترجمان کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔ انہوں نے ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس کے استعمال، تیز رفتاری سے گریز اور آگے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔