میانوالی کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میانوالی والو! آپ کو نواز شریف صاحب کا سلام۔ میری بہنیں بیٹھی ہیں، میری بیٹیاں بیٹھی ہیں، میری مائیں بیٹھی ہیں۔ آپ سب کو مریم نواز کی طرف سے بہت بہت سلام اور بہت بہت پیار۔
انہوں نے میانوالی کے عوام کی محبت اور عزت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں کھڑی ہو کر وہ وعدہ کر رہی ہیں کہ اس کا جواب پہلے سے زیادہ خدمت کے ذریعے دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ میانوالی پنجاب کے نقشے پر دور ہو سکتا ہے لیکن نواز شریف اور مریم نواز کے دل کے نقشے پر وہ ہر وقت قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو سال میں وہ یہاں تیسری یا چوتھی مرتبہ میانوالی آئیں اور پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ بننے کے بعد جب آئیں تو میانوالی کی ترقی کا جائزہ لیا تو کوئی ترقی یا خدمت نظر نہ آئی۔
مریم نواز نے کہا کہ کسی شہر سے محبت اور خدمت کرنے کے لیے وہاں سے تعلق ہونا ضروری نہیں، میری پیدائش میانوالی میں نہیں لیکن میرا دل میانوالی میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف دعویٰ نہیں ہے، میں نواز شریف کی طرح کام کر کے دکھاتی ہوں۔ انہوں نے میانوالی میں دل کے مریضوں کے لیے ہسپتال کے افتتاح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب دل کے پیچیدہ امراض کا علاج میانوالی میں ممکن ہوگا اور مریضوں کو دور دراز شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اینجیوگرافی اور دیگر سرجریز اب میانوالی میں دستیاب ہیں اور مریضوں کی سرجری 24 گھنٹوں کے اندر مکمل ہو جاتی ہے۔
انہوں نے میانوالی میں گرین بس منصوبے کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے پیش کیں اور بتایا کہ بسیں بزرگوں، خواتین اور طلبہ کے لیے مفت ہیں، خواتین کے لیے الگ کمپارٹمنٹ محفوظ طریقے سے سفر کے لیے موجود ہے اور جو لوگ اسکول، کالج یا کام کے لیے سفر کرتے ہیں وہ صرف 20 روپے دے کر بہترین سواری حاصل کر سکتے ہیں۔
مریم نواز نے میانوالی میں میڈیکل کالج اور کالج آف ایگریکلچر قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ نوجوان ڈاکٹر اور کسان بن کر اپنے علاقے کی خدمت کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی کے کسانوں کو پانچ پانچ ایکڑ مفت زمین دی جائے گی اور بیج، کھاد اور دیگر زرعی ضروریات کے لیے خصوصی کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے پنجاب میں گزشتہ دو سالوں کے ترقیاتی اقدامات کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ دو سال میں 24 لاکھ لوگوں کو اپنی چھت ملی، 8 لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ فراہم کیے گئے اور گزشتہ دو سالوں میں 21 ہزار ٹریکٹر دیے گئے، جب کہ پچھلے 25 سال میں اتنے کم ٹریکٹرز فراہم کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 30 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئیں، صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی، ہسپتالوں میں مفت علاج اور دوائی فراہم کی گئی اور دل کی سرجریز بھی مفت ہو رہی ہیں۔ معذور افراد اور خصوصی بچوں کے لیے تین تین ہزار روپے ماہانہ فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب میانوالی کے عوام کو کسی دوسرے شہر کا محتاج نہیں ہونا پڑے گا۔ آپ کے حقوق آپ کے اپنے شہر میں آپ کو ملیں گے۔ ہمارا مقصد صرف دعویٰ کرنا نہیں بلکہ کام کر کے دکھانا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں تین لاکھ ایکڑ زرعی زمین پانچ پانچ ایکڑ کے ٹکڑوں میں تقسیم کی جائے گی، میانوالی میں نیا ہسپتال، کالج اور میڈیکل کالج قائم کیے جائیں گے، غریب اور محنت کش عوام کو مالی امداد اور راشن کارڈ فراہم کیے جائیں گے اور بس سٹیشنز جدید معیار کے مطابق تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف میانوالی میں خطاب کررہی ہیں https://t.co/2coKDXW2Xq
— PMLN (@pmln_org) February 12, 2026
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں پنجاب کے شہریوں کے دل آباد ہو گئے، لوگوں کے گھر آباد ہوئے اور دیہاتوں میں ترقی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ میانوالی کے عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور پنجاب میں صفائی، پانی کی فراہمی، سڑکیں اور فیلڈ ہسپتال عوام کی دہلیز تک پہنچا دیے گئے ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں مریم نواز نے کہاکہ میانوالی کے عوام، آپ نے جو اعتماد دیا ہے، میں اسے بڑھ کر خدمت کے ذریعے پورا کروں گی۔ 20 سال میں اتنا کام نہیں ہوا جتنا گزشتہ دو سالوں میں ہوا ہے اور ہم اللہ کے فضل سے مزید ترقی اور خدمت جاری رکھیں گے۔







