پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے دوران اسکولوں کا نیا وقت صبح آٹھ بج کر 45 منٹ سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک ہوگا۔
یہ فیصلہ صوبے میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، تاکہ بچوں کو صبح کے وقت شدید اسموگ کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
Winter School timing
— Rana Sikandar Hayat (@RanaSikandarH) October 26, 2025
8:45 to 1:30 pm
نئے اوقات کار کا اطلاق پیر (27 اکتوبر) سے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔
واضح رہے کہ لاہور گزشتہ تین روز سے دنیا کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا جا رہا ہے، جہاں فضائی معیار خطرناک حد تک گر چکا ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس کی سطح 412 تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور خانپور سمیت مشرقی اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق موسمیاتی پیشگوئیوں کے مطابق نومبر سے وسط دسمبر کے دوران اسموگ کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب صوبائی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ پنجاب میں اب ایک ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت پر مبنی پیشگوئی کا نظام فعال کر دیا گیا ہے، جو گزشتہ برسوں کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نظام عوام کے لیے فضائی معیار کے پورٹل پر دستیاب ہے اور ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) روزانہ اس کے اعداد و شمار جاری کرتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کی کوششیں صرف اسموگ سیزن تک محدود نہیں بلکہ پورے سال فضائی آلودگی کے مستقل تدارک کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔






