وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ریڑھی بانوں کو 400 سے زائد اسٹالز اوپن قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کیے گئے۔ پہلے مرحلے میں لاہور کے 10 مقامات پر سہولت آن دی گو بازار قائم کیے گئے ہیں، جن میں گلشن راوی، شادمان، مادر ملت، مدینہ مارکیٹ، ٹاؤن شپ، سندر روڈ، کوٹھا پنڈ اور فیصل ٹاؤن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کھاڑک نالہ، اعوان ٹاؤن، ویلنشیا اور شاہدرہ میں بھی یہ بازار فعال ہو چکے ہیں۔

سہولت آن دی گو بازار میں پھل، سبزیاں، چکن اور کریانہ کی اشیا ڈی سی ریٹس پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ بازاروں میں سکیورٹی، واش رومز اور صفائی کے شاندار انتظامات کے ساتھ ڈرائیو تھرو خریداری کی سہولت بھی موجود ہے۔

حکام کے مطابق فروری تک لاہور میں مزید 5 مقامات پر سہولت آن دی گو بازار فنکشنل کیے جائیں گے، جب کہ برکی، صدر، نشتر ٹاؤن، رائے ونڈ فیز ٹو، فیصل ٹاؤن، مون مارکیٹ اور فیروز والا میں منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

ریڑھی بانوں اور دکانداروں نے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ مریم نواز، اب ہم ریڑھی والے نہیں بلکہ اپنی دکان کے باقاعدہ مالک بن چکے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ریڑھیوں کو ہٹانے کے بجائے باوقار اور منظم نظام دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سہولت آن دی گو بازار قائد محمد نواز شریف کے کلین اور خوبصورت لاہور کے ویژن کا عملی اظہار ہے۔ ریڑھی بانوں کو اپنی دکانیں ملنے پر ہونے والی خوشی کو وہ محسوس کر سکتی ہیں اور اب ہر محنت کش فخر سے کہہ سکتا ہے کہ اس کی اپنی دکان ہے۔

لازمی پڑھیں: حکومت بغیر کسی پیشگی شرط کے مذاکرات کے لیے تیار ہے، طلال چوہدری

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ حقیقی ترقی وہی ہے جس میں غریب اور محنت کش طبقہ بھی مستفید ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سہولت آن دی گو بازار جیسے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ برسوں سے کھلے آسمان تلے کھڑے ریڑھی بانوں کو اب چھت فراہم کر دی گئی ہے۔

چیئرمین پنجاب سہولت بازار اتھارٹی نے کہا کہ اس منصوبے سے رمضان بازاروں میں دی جانے والی سبسڈی کی ضرورت بھی کم ہو گی، جب کہ سال بھر عوام کو سستی اشیا دستیاب رہیں گی۔