تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پراونشنل انٹیلی جنس فیوژن اسسمنٹ سینٹر (پیف ٹیک) کا دورہ کیا جہاں انہیں پیف ٹیک کے قیام، سائبر سیکیورٹی اقدامات اور امن و امان سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام اور دہشت گردی کے تدارک کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے میں پہلی مرتبہ اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔
پنجاب پہلا صوبہ بن گیا جو پیف ٹیک(PIFTAC) قائم کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اینٹی ڈرون یونٹ اور سائبر کرائم سیل فوری قائم کرنے، داخلی و خارجی راستوں پر جدید ڈیجیٹل سکینرز لگانے اور ڈپٹی کمشنرز کے لیے خصوصی ڈیش بورڈ فعال کرنے کی ہدایت دی۔ دہشت گردوں کی پیشگی روک تھام کے… pic.twitter.com/XjEpJCJRtr
— Zeeshan Malik (@ZeshanMalick) February 24, 2026
اسی سلسلے میں پنجاب میں فوری طور پر سائبر کرائم سیل قائم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ آن لائن جرائم اور ڈیجیٹل دھوکہ دہی کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
مریم نواز شریف نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے مسلسل کومبنگ آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے داخلی اور خارجی راستوں پر جدید ترین اسپیشل ڈیجیٹل اسکینرز نصب کرنے کے لیے بھی فوری اقدامات کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے لیے خصوصی ڈیش بورڈ قائم کرنے کی منظوری دی تاکہ سیکیورٹی صورتحال کی براہ راست نگرانی ممکن ہو سکے۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے وسل بلوئر سسٹم کو مزید مستحکم بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پیف ٹیک میں سائبر سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبوں کے لیے اے آئی ہب بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے واقعات پر صرف ردعمل دینے کے بجائے پیشگی کارروائی کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صوبے کو محفوظ ترین خطہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔






