بھکر میں درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جہاں شدید خشک سردی نے شہریوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے۔ سرد موسم کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر موسمی امراض میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری گرم لباس کا استعمال کریں اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھیں۔
دوسری جانب فیصل آباد کے علاقے ستیانہ اور اطراف میں گھنی دھند چھا گئی، جہاں حدِ نگاہ محض چند میٹر تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ شدید دھند کے باعث سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے اور روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
ساہیوال اور اس کے گردونواح میں بھی گھنی دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے، جس سے موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس کے استعمال، رفتار کم رکھنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی ہے۔
مزید پڑھیں: تعطیلات میں اضافہ، تعلیمی ادارے کب کھلیں گے؟
خوشاب اور نواحی علاقوں میں بھی دھند کا راج ہے جبکہ لاہور–سرگودھا جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہو گئی۔ دھند کے سبب خوشاب سے دیگر شہروں کو جانے والی مسافر بسیں بھی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔
ٹریفک پولیس اور پیٹرولنگ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دھند کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، فوگ لائٹس آن رکھیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک پنجاب کے بیشتر علاقوں میں سردی اور دھند کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔







