اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی خانہ فرہنگ ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ رہبرِ محترم پاکستانی قوم سے بے حد محبت کرتے اور اگر وہ کسی ملک جانا چاہتے تو وہ پاکستان ہوتا۔ ایران کی دفاعی صلاحیتوں اور استقامت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چھ سے آٹھ ماہ تک مسلسل جنگ لڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور ہمارے حوصلے بلند ہیں۔
اس اہم نشست میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے رہبرِ معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے برادر اسلامی ملک ایران کی کمال بہادری، جرات اور استقامت پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر اصغر مسعودی نے معاون خصوصی برائے چیئرمین پی ایف یو سی محمد ساجد خان کی گفتگو کا خیر مقدم کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو بھرپور سراہا۔
اس نمائندہ وفد میں سیکرٹری جنرل پی ایف یو سی وقار اسلم، نائب صدور اظہر تھراج، ادیب یوسفزئی، حافظ ذوہیب طیب کے علاوہ سینئر ممبر محمد نور الہدیٰ، توقیر ساجد کھرل، تحریم قاضی، صدر وسطی پنجاب فرحان خان، محمد عظیم بٹ، فرحان ملک، محمد طفیل اور فہد علی خان سمیت دیگر ممبران موجود تھے۔
ملاقات کے دوران جب پی ایف یو سی کے وفد نے ایٹم بم کے استعمال پر رہبرِ معظم کے فتوے اور اسے واپس لینے کے امکانات کے حوالے سے سوال کیا، تو ڈاکٹر اصغر مسعودی نے دو ٹوک الفاظ میں جواب دیا، ’’ہمارے عوام ہی ہمارا ایٹم بم ہیں اور ہماری اصل طاقت ان کا عزم ہے۔ ہم مذاکرات کی میز پر تھے جب امریکا اور اسرائیل نے بزدلانہ حملہ کیا؛ ہم اپنے 185 سکول کے معصوم بچوں کی شہادت پر ہرگز خاموش نہیں رہیں گے اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔‘‘
ڈاکٹر اصغر مسعودی نے کہا کہ "ہماری دفاعی صنعت اس قدر جدید ہو چکی ہے کہ ہم 100 میزائل فائر کرتے ہیں تو وہ فضا میں 800 ہو جاتے ہیں، یہ ہماری ٹیکنالوجی کی جدت کا منہ بولتا ثبوت ہے انہوں نے مزید کہا کہ رہبرِ معظم آیت اللہ علی خامنہ ای پاکستان کو بے حد پسند کرتے تھے اور ان کے دل میں پاکستانی قوم کے لیے خاص مقام تھا۔امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو بھرپور سراہا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے امریکہ کو ایران پر حملے کے لیے اپنی حدود کے استعمال سے صاف منع کر دیا ہے اور اس اہم سفارتی کامیابی میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تیل اور گیس کی پائپ لائن مکمل کرلیتا ہے تو ایندھن کے سب مسئلے حل ہوجائیں گے۔ پاکستان میں پٹرول کی قیمت 5 روپے لٹر تک آجائے گی۔
اس موقع پر پی ایف یو سی کے وفد نے امام خامنہ ای کے جانشین، آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے سپریم لیڈر مقرر ہونے پر ڈاکٹر اصغر مسعودی اور ایرانی عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔ ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر اصغر مسعودی نے معاشرے میں قلم کاروں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رہبرِ معظم نے کالم نگاروں اور دانشوروں کو ہمیشہ بے پناہ اہمیت دی ہے کیونکہ قلم کی طاقت سے ہی قوموں کے بیانیے کی حفاظت کی جاتی ہے۔







