بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہری پور کے الیکشن میں ایک بار پھر پارٹی کو مایوس کیا گیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے پرامن سیاسی راستہ اختیار کرے گی۔
جلسے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہیں چاہتے، لیکن ہم پُرامن رہتے ہوئے اپنے حقوق کا دفاع کریں گے اور کسی کو حق نہیں دیں گے کہ وہ عوام کے فیصلے کو پامال کرے۔
ادھر صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ہری پور الیکشن میں بدترین دھاندلی کا الزام لگایا۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بے روزگاری کی شرح 7.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین برس میں 5300 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، اور نیب سے مطالبہ کیا کہ اس کرپشن کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔







