گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ایک وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی نائب صدر سید ایوب شاہ، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری سید طاہر عباس، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابرار سعید سواتی، اولڈ پی ایس ایف کے دل نواز خان، انجینیئر دائود جان، انجینیئر یحییٰ آفریدی، ہلال احمر کے چیئرمین فرزند علی وزیر اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے سابق نائب صدر وجاہت اللہ خان شامل تھے۔

گفتگو کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قیادت نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام اور پارٹی کارکنوں کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق صوبے میں ویمن امپاورمنٹ اور یوتھ انگیجمنٹ ان کی ترجیحات میں شامل ہیں، گورنر ہاؤس کے ذریعے صوبے کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا گیا ہے۔

پارٹی رہنماؤں نے گورنر خیبرپختونخوا کی عوام اور کارکنوں سے قریبی رابطے، گورنر ہاؤس تک رسائی آسان بنانے اور سیاسی سرپرستی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: مائنس ون نہیں تو پوری پی ٹی آئی مائنس، اب ایک انچ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا، رگڑ دیں گے، فیصل واوڈا

رہنماؤں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار کسی گورنر نے کارکنوں کو بھرپور عزت دی اور ان کیلئے اپنے دروازے ہر وقت کھلے رکھے۔

واضح رہے کہ ملاقات کے دوران پارٹی کو مزید فعال اور متحرک بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی مشاورت کی گئی۔