ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق شہر کے تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور شہری بلاوجہ پریشانی کا شکار نہ ہوں۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری اہم پیغام میں کہا گیا ہے کہ کل سے پیٹرول کی عدم فراہمی سے متعلق زیرِ گردش خبریں محض افواہیں ہیں، جن میں کوئی صداقت نہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایندھن کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی پیٹرول پمپ شہریوں کو ان کی ضرورت سے کم پیٹرول فراہم کرے تو فوری طور پر اطلاع دی جائے تاکہ متعلقہ کارروائی کی جا سکے۔

اس حوالے سے شہری 24 گھنٹے ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبر 051-9108084 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پیٹرول کی قلت سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں تاکہ بلاوجہ افراتفری پیدا نہ ہو۔