پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں قاسم خان نے کہا کہ ان کے والد 845 دن سے زیرِ حراست ہیں، جبکہ گزشتہ چھ ہفتوں سے انہیں مکمل تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، بلکہ عدالت کے واضح احکامات کے باوجود بھی رسائی نہیں دی جارہی۔

قاسم خان کے مطابق نہ کوئی فون کال ہو رہی ہے نہ ملاقات، اور زندگی کا کوئی ثبوت فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میرا اور میرے بھائی کا والد سے کوئی رابطہ نہیں، اور یہ جان بوجھ کر ہمیں اس بات سے بے خبر رکھا جا رہا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں یا نہیں۔"

مزید پڑھیں: عمران خان جیل میں مکمل طور پر محفوظ اور صحت مند، ملاقاتیں جیل قوانین کے مطابق کرائی جاتی ہیں: اڈیالہ جیل ذرائع


انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی اداروں اور جمہوری حلقوں سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کی زندگی اور صحت کا ثبوت فراہم کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان پر دباؤ ڈالیں اور سابق وزیرِ اعظم تک عدالتی رسائی بحال کرائی جائے۔

قاسم خان نے مطالبہ کیا کہ عمران خان پر عائد مبینہ غیر انسانی تنہائی کا سلسلہ فوراً ختم کیا جائے اور ان کی قانونی و خاندانی ملاقاتیں بحال کی جائیں۔