تقریب کے دوران سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر انہوں نے اتحاد و یکجہتی کے پیغام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانانِ برصغیر نے قراردادِ پاکستان پیش کر کے ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا، اور آج کا دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم اپنی ذمہ داریوں کو مشترکہ طور پر نبھائیں اور باہمی اتحاد کو فروغ دیں۔
سفیرِ پاکستان نے پاک-سعودی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
تقریب کے دوران صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جنہیں بالترتیب سفارتی افسران کرن اکبر، مواحد کیانی اور صاعد عزیز نے پیش کیا۔







