نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق، آفتاب شعبان میرانی طویل العمری کے باعث علیل تھے اور انہیں ایک ہفتہ قبل اسپتال سے گھر منتقل کیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔
آفتاب شعبان میرانی کا تعلق ضلع شکارپور سے تھا، تاہم وہ طویل عرصے سے کراچی میں مقیم تھے۔ ان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر ترین رہنماؤں میں ہوتا تھا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں شامل تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، اپوزیشن لیڈر اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج رات دس بجے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ ہفتے کراچی کے ساوتھ سٹی اسپتال میں آفتاب شعبان میرانی کی عیادت کی تھی۔







