سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شہریوں کی سہولت کے لیے مزید منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے سال 2025 کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا اہم ترین سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی جرأت مندانہ قیادت میں پاک فوج نے کئی گنا طاقتور دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شاندار کارکردگی اور عوامی یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لہو نے ملک کی بنیادوں کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے قیامِ امن کے لیے جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ کے حوالے سے اہم سنگِ میل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کامیاب انعقاد ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کی جیت تھی۔ اسلام آباد دھماکے کے باوجود سری لنکن سیریز اور ٹرائی نیشن سیریز کا محفوظ انعقاد سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی تھا۔

انہوں نے کہا کہ 17 سال بعد فیصل آباد میں کرکٹ کی واپسی سے نہ صرف شائقین میں جوش و خروش پیدا ہوا بلکہ پی سی بی کے انتظامات کو عالمی سطح پر پذیرائی بھی ملی۔

وفاقی وزیر نے نئے سال کے اہداف بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2026 میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، سہولیات میں بہتری اور نئے وینیوز کی شمولیت ہماری اولین ترجیح ہوگی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی میرٹ پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان مضبوط ربط قائم کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانے کے لیے ہر چیلنج کا مقابلہ اتحاد اور حوصلے کے ساتھ کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے 10 روز میں اسٹیڈیم کا حتمی ڈیزائن طلب کر لیا۔ اجلاس میں نیشنل پارک کے لیے مخصوص ایریا مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ اسلام آباد میں جدید طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور انڈیا کے درمیان نئے سال کے آغاز پر جوہری تنصیبات اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا، ترجمان دفترِ خارجہ

اجلاس میں کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی کے لیے سمارٹ انڈر پاس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ 10 روز میں سمارٹ انڈر پاس کا حتمی ڈیزائن تیار کر کے پیش کیا جائے۔

اجلاس میں اسلام آباد میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ اسلام آباد میں عرصہ دراز سے خالی کمرشل پلاٹس کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔

اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیڈ کوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا اور واگزار کرائی گئی اراضی کو مفادِ عامہ کے لیے بہترین انداز میں استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری، رینجرز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔