سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ لبرٹی اسکوائر پر ہونے والا میگا بسنت شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم کا خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہنا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خوارج کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور پاکستان کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں جمعہ کی نماز کے دوران دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 31 افراد شہید، جب کہ 150 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہو چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار نے افغانستان میں دہشت گرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا تھا۔

حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ افغانستان میں موجود مختلف دہشت گرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں، جب کہ پاکستان میں ہر دہشت گردانہ کارروائی کے پسِ پشت افغانستان اورانڈیا کا گٹھ جوڑ کارفرما ہے۔