سعودی حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ گزشتہ رات ریاض کے علاقے منفوحہ میں پیش آیا، جہاں گیس سلینڈر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں پانچ افراد کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ سے، جب کہ ایک کا تعلق پنجاب سے بتایا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں محمد سعید، عابد حسین، عبدالرحمان، محمد سفیر اور محمد رستم شامل ہیں۔
پاکستانی سفارت خانے کے مطابق جاں بحق افراد کی میتوں کی وطن واپسی کے لیے سعودی حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ریاض میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔






