تقریب کے دوران ظفرالحق حجازی نے وفاقی ٹیکس محتسب کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، جس کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری سے ان کی اہم ملاقات بھی ہوئی۔ صدر نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ظفرالحق حجازی چار دہائیوں پر محیط وسیع پیشہ ورانہ تجربہ رکھتے ہیں اور ماضی میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مختلف اہم اداروں میں ان کی خدمات کو نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔
President Asif Ali Zardari administered the oath of office to Mr Zafar-ul-Haq Hijazi as Federal Tax Ombudsman at Aiwan-e-Sadr. pic.twitter.com/TF82upRmUE
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) December 16, 2025
ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارے کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ٹیکس دہندگان کو درپیش مسائل کے مؤثر اور بروقت حل میں کلیدی کردار ادا کرے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس ادارے سے استفادہ کر سکیں۔
صدر مملکت نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا اور کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا دفتر شہریوں کو فوری، شفاف اور آسان ریلیف فراہم کرے، جب کہ ادارے کی ملک بھر میں رسائی کو مزید وسعت دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔






