ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں دوسری جنگِ عظیم کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یومِ فتح تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جو انسانیت کی آزادی، امن اور انصاف کے لیے دی گئی قربانیوں کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ عظیم محب وطن جنگ میں روسی عوام اور افواج کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، فاشزم کے خاتمے کے لیے لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن کی قربانیوں نے دنیا کو ایک بڑے خطرے سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اپنے پیغام میں صدر زرداری نے روسی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور روس مختلف شعبوں خصوصاً تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی روابط کے میدان میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی روابط خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا امکان، 14 نکاتی معاہدے پر کام جاری
یاد رہے حالیہ برسوں میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے اور دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس ہر سال 9 مئی کو یومِ فتح مناتا ہے، جو دوسری جنگِ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف کامیابی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر روس میں خصوصی تقریبات، فوجی پریڈز اور یادگاری تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں دنیا بھر کی شخصیات اور رہنما بھی شرکت کرتے ہیں۔







