یہ اہم فیصلہ سعودی عرب کے شہر منیٰ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود السعود کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا تبادلہ بھی کیا۔ سعودی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 منتخب اہلکار سعودی عرب میں جدید سیکیورٹی اور سفارتی تحفظ سے متعلق خصوصی تربیت حاصل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق تربیت کے دوران اہلکاروں کو وی آئی پی سیکیورٹی، سفارتی تنصیبات کے تحفظ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، انسداد دہشتگردی اور جدید سیکیورٹی حکمت عملیوں سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزارتِ داخلہ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان میں سفارتی مشنز اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی جبکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو بھی نئی جہت ملے گی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ داخلی سلامتی، انسداد دہشتگردی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مزید پڑھیں: حکومت بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کررہی ہے، رانا ثناءاللہ
سعودی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اتحاد اور علاقائی امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
محسن نقوی نے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے مستقبل میں سیکیورٹی، تربیت، انٹیلی جنس تعاون اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔







