محکمہ اطلاعات اور روڈا کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی اور بریگیڈیئر (ر) منصور احمد جنجوعہ نے دستخط کیے۔ معاہدے کی تقریب میں سی ای او روڈا عمران امین، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور دیگر نمائندگان شریک تھے۔
روڈا حکام کے مطابق صحافیوں کو تین سے پانچ سال کے اندر ڈیویلپ پلاٹس فراہم کیے جائیں گے، جب کہ ابتدائی طور پر 62 ہزار 500 روپے پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن میں جمع کرانا ہوں گے۔
سی ای او روڈا عمران امین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا ویژن ہر صحافی کو چھت فراہم کرنا ہے۔ فیز ٹو میں پلاٹس ارزاں نرخوں پر دیے جائیں گے، جب کہ رہائشی سہولیات چہار باغ کے معیار کے مطابق ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی کرغز صدر سے ملاقات، پاکستان کرغزستان کو اپنی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے تیار ہے
صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کم تنخواہوں کے باعث ماہانہ اقساط مناسب رکھی جائیں تاکہ صحافی آسانی سے ادائیگیاں کرسکیں۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
ارشد انصاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے فیز ٹو کی زمین کی رقم پہلے ہی ادا کی جاچکی ہے اور صحافیوں کو صرف ڈویلپمنٹ چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ لاہور میں صحافیوں کے اپنے گھر کا دیرینہ خواب اب پورا ہونے جا رہا ہے۔







