وزیراعظم نے بحیرۂ احمر میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں، بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں، سمندری راستوں کی آزادی اور تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ ہیں، اور خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کو یقین دلایا کہ پاکستان بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور وسیع تر خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور قانونی سمندری تجارت کے بلا تعطل تسلسل کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

مزید پڑھیں: وزیر تعلیم خود استاد بنیں گے، رانا سکندر حیات کا سرکاری اسکولوں میں کلاسز لینے کا اعلان

گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور گرمجوش جذبات کا اظہار بھی کیا۔