وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے امن، استحکام اور حکومتوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان بھی ان مشترکہ اصولوں کے لیے پُرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دیہی ترقی، صحت، تعلیم، قدرتی آفات سے نمٹنے، موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت اور نوجوانوں کی کاروباری سرگرمیوں میں ادارے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے خصوصاً گلگت بلتستان اور چترال کے دور دراز اور حساس علاقوں میں اے کے ڈی این کے مؤثر کردار کو سراہا اور نیٹ ورک پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید وسعت دے۔
انہوں نے آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون بڑھانے کا بھی خیرمقدم کیا اور صحت و اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں جامعہ کی خدمات کو اہم قرار دیا۔
شہباز شریف نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے پرنس رحیم آغا خان پنجم کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شمالی گلیشیائی علاقوں میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اے کے ڈی این ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔
انہوں نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کا دوسرا گھر رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے باقاعدہ دورے پاکستان اور اسماعیلی برادری کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اسلام آباد ٹاکس کے لیے سرینا ہوٹل کو مفت فراہم کرنے پر بھی پرنس رحیم آغا خان پنجم کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: چین کی معاشی کامیابی ترقی پذیر ممالک کے لیے رول ماڈل بن گئی ہے: شہباز شریف
تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے مرحوم پرنس رحیم آغا خان چہارم کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے ان کی تقریباً سات دہائیوں پر محیط انسان دوست خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم پرنس کریم آغا خان چہارم کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان پوسٹ کی جانب سے جاری کیا گیا یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پرنس رحیم آغا خان پنجم کو پیش کیا۔
اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ انسانی ترقی کے مختلف منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔







