میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اس کیس کو آٹھ سال گزر چکے ہیں، جب کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے 120 مرتبہ اس کیس میں تاریخیں حاصل کیں۔ 2017 میں بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا الزام لگایا کہ شہباز شریف نے 10 ارب روپے کی پیشکش کی، جو سراسر بے بنیاد اور من گھڑت تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 1988 سے عوام کے منتخب نمائندے ہیں، تین بار وزیراعلیٰ پنجاب اور دو مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ ان پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوئے اور ہم نے عدالت میں تمام شواہد پیش کر دیے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہیں بچا، اب انہیں اپنے کیے کی سزا بھگتنی پڑ رہی ہے۔ جھوٹے الزامات لگانے والا آج کرپشن کیس میں اڈیالہ جیل میں ہے، یہ وہی شخص ہے جس نے دہشت گردوں کی حمایت کی اور ملک دشمن بیانیہ اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سرٹیفائیڈ جھوٹے ہیں جنہوں نے ہمیشہ منافقت کی سیاست کی۔ جھوٹ بولنا اور یوٹرن لینا ان کی عادت ہے۔
مزید پڑھیں: بس بہت ہوگیا، افغانستان یا تو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے یا انہیں ہمارے حوالے کرے، ڈی جی آئی ایس پی آر
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے خود کور کمانڈر ہاؤس جانے کی ویڈیو اپلوڈ کی، ایسے میں کون ملک کے مفاد کا سوچے گا؟
انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آئینی ترامیم پر غور کر رہی ہے تاکہ عوام کو جلد انصاف مل سکے۔ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ بڑے بڑے دعوے کیے مگر ان کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا، جب کہ شہباز شریف نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی۔







