سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم دوحہ میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے، دورے کا مقصد پاک-قطر برادرانہ تعلقات اور کثیر جہتی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور معاشی تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جب کہ سیاسی روابط، اقتصادی شراکت داری اور عوامی سطح پر تبادلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ تجارت، انفراسٹرکچر کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد کے لیے نئے راستے تلاش کیے جائیں گے۔ دونوں رہنما علاقائی و عالمی سیاسی تبدیلیوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور قطر خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔







