پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں چار اہم سرغنہ بھی شامل ہیں جن کی شناخت خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف عیان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔ حالیہ کارروائیوں کے بعد ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 48 ہو گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن  عزم استحکام  کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز بدستور جاری ہیں تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

دریں اثنا وزیرِاعظمِ پاکستان نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن میں چار انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنوں سمیت متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔  عزم استحکام  کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔