وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے دو روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچے ہیں، جہاں روس، چین، ایران، انڈیا، پاکستان اور دیگر رکن ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام موجود ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر کے مطابق بشکیک پہنچنے پر کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین عادلبیک قاسمالیف نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے تین روزہ دورے کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ اجلاس میں شریک مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

جاری بیان کے مطابق ان ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پوتن، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایک درجن سے زائد دیگر ممالک کے رہنما بھی شرکت کر رہے ہیں، جب کہ تنظیم اپنے قیام کی 25ویں سالگرہ بھی منا رہی ہے۔

واضح رہے کہ تنظیم کا موجودہ سربراہی اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سطح پر متعدد اہم تنازعات اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی جاری ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ساڑھے چار سال گزر چکے ہیں، جب کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ کو بھی چھ ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔