پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری اکرام کھٹانہ کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ انتہائی مصروف ہوگا۔ دورے کے پہلے روز وہ کراچی پریس کلب کا دورہ کریں گے اور وکلا، میڈیا نمائندوں اور مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

شیڈول کے مطابق 10 جنوری کو کراچی سے حیدرآباد تک ریلی نکالی جائے گی، جبکہ وزیراعلیٰ بار ایسوسی ایشنز، پریس کلبز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ مزارِ قائد پر حاضری، یوتھ ونگ کی موبلائزیشن اور میڈیا سے گفتگو بھی دورے کا حصہ ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی، یہ کہنا غلط ہے کہ ہمیں نشانہ نہیں بنایا گیا: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سندھ کے مختلف اضلاع میں عوامی تحریک کی قیادت کریں گے، جبکہ اس دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

دورے کے اختتام پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سندھ ہائی کورٹ بار کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد پشاور روانہ ہوں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ دورہ پی ٹی آئی کی عوامی رابطہ مہم اور سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔