محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔

دھند کے باعث پشاور سے رشکئی اور صوابی سے برہان تک موٹر وے ایم ون بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم فور عبدالحکیم سے ملتان، ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی بند ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، پشاور، مردان، صوابی، بنوں اور ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی برقرار رہنے کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دھند کے باعث شہریوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ سندھ کے علاقوں سکھر، شکارپور، شہید بینظیرآباد، کشمور اور موہنجو داڑو میں بھی دھند کے باعث موسم دھندلا رہنے کا امکان ہے۔

ادھر گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ شدید سردی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث شمالی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔