لیگل ایڈ سوسائٹی اور محکمہ قانون کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ لیگل ایڈ سوسائٹی کی خدمات سے صرف سندھ ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان مستفید ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے عوام کو قانونی معاونت کی فراہمی ایک بڑی کامیابی ہے، جب کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر اور صوبے کی ترقی کے لیے مثبت سوچ اور تعمیری طرزِ عمل ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مرتضیٰ وہاب نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ لوگ 38 برس تک اقتدار میں رہے اور دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے کراچی بنایا، حالانکہ انہوں نے کراچی کے عوام کو صرف دھوکا دیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں، ہم عوام میں سے تھے، ہیں اور عوام ہی کے درمیان رہیں گے۔ انہوں نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 38 سال ووٹ لینے والوں نے شہریوں کو پانی تک فراہم نہیں کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا تھا کہ آج مخالفین کی سیاسی حیثیت یہ ہے کہ وہ چھوٹی گلیوں اور محلوں میں جلسے کرنے پر مجبور ہیں۔ جو لوگ خود متحد نہیں، وہ شہر کو کیسے متحد کریں گے، جبکہ جو خود انتشار کا شکار ہوں، وہ شہر میں استحکام کیسے لا سکتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں کراچی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔