تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات اور اسپتال انتظامیہ کے نمائندے شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈس یونیورسٹی اسپتال صرف ایک عمارت نہیں بلکہ خدمت اور وقار کا عہد ہے۔
لائیو: کراچی میں انڈس یونیورسٹی اسپتال کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی شرکت https://t.co/IKesEeewWW
— PPP (@MediaCellPPP) December 25, 2025
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وژن، دیانت اور اجتماعی عزم کی روشن مثال ہے اور سندھ حکومت آئندہ نسلوں تک اس اسپتال کے ساتھ اپنی شراکت جاری رکھے گی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ انڈس اسپتال کے لیے 18 ارب روپے کی حکومتی معاونت عوامی خدمت پر اعتماد کا اظہار ہے۔
ان کے مطابق انڈس اسپتال مساوات، شفافیت اور بلا امتیاز علاج کی علامت ہے، اور گزشتہ دہائی میں اس ادارے نے پورے سندھ بلکہ پاکستان کے مریضوں کا عزت و احترام کے ساتھ علاج کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں انڈس جیسے معتبر ادارے ناگزیر ہیں۔ انڈس اسپتال نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے اور یہ ادارہ معیاری، مؤثر اور بلا تفریق علاج کی بہترین مثال ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ حقیقی ترقی تب ممکن ہے جب حکومت اور وژن رکھنے والے ادارے عوام کی خدمت کے لیے یکجا ہوں اور انڈس اسپتال زندگیاں بچانے اور امید پیدا کرنے کے اپنے سفر کو جاری رکھے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ اسپتال کے منصوبے کا افتتاح کرسمس کے دن ہونا اس کی اہمیت میں اضافہ کرتا ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی انڈس یونیورسٹی اسپتال کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب میں شرکت@BBhuttoZardari pic.twitter.com/omttCQougo
— PPP (@MediaCellPPP) December 25, 2025
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں شاندار کارکردگی دکھا رہی ہے اور انڈس اسپتال کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا نظریہ روٹی، کپڑا اور مکان ہے، جب کہ صحت بھی اس نظریے کا اہم حصہ ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت کے صحت کے منصوبوں کو عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے، اور این آئی سی وی ڈی میں پورے ملک کے مریضوں کو سو فیصد مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔






