نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو لاڑکانہ کے چلڈرن اسپتال میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونوٹولوجی (سِچن) کے تحت بچوں اور نومولودوں کے لیے قائم انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یوز) کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں شرحِ اموات میں تیزی سے کمی آرہی ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبے میں صحت کے شعبے میں نمایاں کام ہوا ہے۔ سندھ حکومت عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
لازمی پڑھیں: صومالی لینڈ کو تسلیم کرنا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے، او آئی سی ممالک
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ میں مریضوں کو سو فیصد مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور بچوں کو عالمی معیار کے مطابق مکمل طور پر مفت علاج کی سہولت دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری اور فرض ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش وفد بھیجنے پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔







