اسلام آباد میں اقبال فلائی اوور ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے والے ترقیاتی منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں، جبکہ بہتر سفری سہولتیں شہری زندگی میں آسانی کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ تجاوزات شہری ڈیزائن اور انفرااسٹرکچر کی بہتری میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، اس لیے مسائل کے حل کے لیے ان کا خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے منصوبہ مقررہ مدت سے کم وقت میں مکمل کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں اسلام آباد کا نقشہ تبدیل نظر آئے گا، تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور دارالحکومت کی ترقی کے لیے ویژن 2027 کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اقبال چوک فلائی اوور منصوبہ صرف 77 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، جبکہ منصوبے کے اطراف تین ہزار سے زائد پودے اور درخت بھی لگائے گئے ہیں۔