ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمان کے اسپیکرز کی قیادت میں مشترکہ وفد نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔

ترکیہ کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر صاحبا غفوروا وفد کی قیادت کر رہے تھے۔

اس موقع پر پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق بھی وفود کے ہمراہ موجود تھے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو پاکستان کے فعال ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک پر بریفنگ دی اور ادارے کے مرکزی کردار، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بروقت پیشگی انتباہی نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفد کو این ڈی ایم اے کی علاقائی تعاون بڑھانے کی کوششوں، معلوماتی تبادلوں، تربیتی ورکشاپس اور بین الاقوامی مشقوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے مون سون 2025 کے دوران کامیاب آپریشنز، قبل از وقت انتباہی نظام اور 30 لاکھ سے زائد افراد کے بروقت انخلا پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ترکیہ اور آذربائیجان کے وفود نے این ڈی ایم اے کے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور قومی استعداد بڑھانے کے عزم کو سراہا۔

دونوں ممالک نے پاکستان کے ساتھ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، صلاحیت میں اضافہ اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔