ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ ہیلمٹ کی خلاف ورزیوں میں 61 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ سڑکوں پر کم عمر ڈرائیورز کی وائلیشن میں 82 فیصد نمایاں کمی آئی ہے۔ اسی طرح غیر محفوظ گاڑیوں کی خلاف ورزیوں میں 77 فیصد اور صوبہ بھر میں رونگ پارکنگ کی خلاف ورزیوں میں 45 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات میں کمی ایک بڑی کامیابی ہے۔ پنجاب کے اربن ایریاز میں مہلک حادثات میں 56 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ گزشتہ 10 روز کے دوران 31 اضلاع کے اربن ایریاز میں کوئی مہلک حادثہ پیش نہیں آیا۔

مزید پڑھیں: جنرل فیض حمید کو سزا سے احتساب کے نظام پر اعتماد بحال ہوگا، سید یوسف رضا گیلانی

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث ہونے والے حادثات میں کمی کے نتیجے میں ہسپتالوں میں مریضوں کا رش بھی کم ہوا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ٹریفک آگاہی مہم تیزی سے جاری ہے، جسے شہریوں کی جانب سے مثبت انداز میں قبول کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی زندگی اور سفر کو محفوظ بنانا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں مثالی ٹریفک نظام کے قیام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے محفوظ پنجاب کے لیے حکومت پنجاب اور شہریوں کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔