وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں بہبودِ آبادی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں آبادی کے بڑھتے ہوئے رجحان، خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد طلب کیا جائے اور آبادی سے متعلق قومی سطح کی پالیسی سازی کے لیے کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ فوری طور پر مرتب کیا جائے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ خود نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی کریں گے، جب کہ کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔
اسلام آباد: 30 جون، 2026
— Prime Minister s Office (@PakPMO) June 30, 2026
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بہبود آبادی کے حوالے سے اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے. تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا… pic.twitter.com/lVaAo76ddy
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی کے اقدامات سے منسلک کیا جائے گا، جب کہ خواتین کی تعلیم اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے کی حکمت عملی کا ایک اہم جزو ہوگا۔ اس کے علاوہ آبادی میں توازن اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے مؤثر عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔
بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران سمیت متعدد اسلامی ممالک میں آبادی پر قابو پانے کے کامیاب پروگرام نافذ کیے جا چکے ہیں۔ نیشنل پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے قومی سطح پر مؤثر اقدامات اور آگاہی مہمات چلانے میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ کونسل کا سیکریٹریٹ وزارتِ منصوبہ بندی کے تحت قائم کیا جائے گا۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔







