پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز؛ ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز، چیف آف نیول اسٹاف؛ اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، چیف آف ایئر اسٹاف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواجِ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ ان خلاف ورزیوں میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، بلاجواز گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر قدغنیں اور علاقے کے آبادیاتی و سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی منظم کوششیں شامل ہیں، جو نہ صرف بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین بلکہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
مزید پڑھیں: کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ، پُرامن اور دیرپا حل صرف اور صرف اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ افواجِ پاکستان نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے مؤثر اور بامعنی اقدامات کرے، تاکہ انہیں ان کا بنیادی حقِ خودارادیت مل سکے۔
بیان کے آخر میں کہا گیا کہ افواجِ پاکستان ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی، وقار اور انصاف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔
پاکستان زندہ باد! کشمیر زندہ باد!







