تفصیلات کے مطابق چاغی میں انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ان افغان شہریوں کو سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان شہریوں کا تعلق بغلان، ہرات اور دیگر علاقوں سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام افراد کسی قانونی دستاویز کے بغیر چاغی میں داخل ہوئے تھے اور یہاں سے وہ ایران جانا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ ضلع چاغی بلوچستان کا واحد ضلع ہے جس کی سرحدیں شمال میں افغانستان، جب کہ مغرب میں ایران سے لگتی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں غیر قانونی افغان تارکین وطن کی ایک گاڑی کو حادثہ بھی پیش آیا تھا جس میں نو افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے تھے۔