کمپنی کے مطابق اس مقصد کے لیے اڈوب (Adobe) کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ میں اڈوب ایکروبیٹ سپورٹ شامل کر دی گئی ہے۔
اس نئے فیچر سے صارفین کو پی ڈی ایف فائل پہلے ڈیوائس میں محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ وہ اسے چیٹ ونڈو میں ہی دیکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین پی ڈی ایف پر ہائی لائٹ، اینوٹیشن (Annotation) اور دیگر بنیادی ایڈیٹنگ بھی کر سکیں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ یہ فیچر دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کر دیا گیا ہے۔
کمپنی نے واضح کیا کہ پی ڈی ایف فائلوں کو چیٹ میں ہی کھولنے کے باوجود اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی، جس سے صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
میٹا کے مطابق چونکہ واٹس ایپ کے دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد صارفین ہیں اور روزانہ لاکھوں دستاویزات ایک دوسرے کو بھیجی جاتی ہیں، اس لیے یہ نیا فیچر طلبہ، دفاتر، کاروباری اداروں اور عام صارفین کے لیے خاصا مفید ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے کا میٹا سے براہِ راست رابطہ، سائبر جرائم کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت
اس کے ساتھ ساتھ کمپنی نے مزید کئی نئے فیچرز کا بھی اعلان کیا ہے۔ اب آئی پیڈ صارفین براہِ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ بنا سکیں گے، جب کہ کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے واٹس ایپ کے انٹرفیس کو بھی ازسرِنو ڈیزائن کیا گیا ہے۔
میٹا نے مزید بتایا کہ اب صارفین واٹس ایپ اسٹیٹس میں مختلف میوزک اسٹریمنگ سروسز سے گانے بھی براہِ راست شیئر کر سکیں گے، جس سے اسٹیٹس فیچر مزید انٹرایکٹو اور دلچسپ ہو جائے گا۔







