کمپنی نے پیر کے روز اس فیصلے کا اعلان کیا۔ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مائیکروسافٹ کے حصص میں تقریباً 23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو 2022 کے بعد پہلی ششماہی کی بدترین کارکردگی ہے۔

مائیکروسافٹ اس وقت اے آئی انفراسٹرکچر، ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ایزور  پر اربوں ڈالر خرچ کر رہی ہے۔ اگرچہ ایزور کی ترقی مضبوط رہی ہے، تاہم ان منصوبوں پر آنے والے بھاری اخراجات کمپنی کے مالی وسائل پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

رواں سال کے آغاز میں مائیکروسافٹ امریکہ میں اپنے تقریباً 9 ہزار ملازمین کو رضاکارانہ علیحدگی کی پیشکش بھی کر چکی ہے۔ کمپنی ہر سال مالی سال کے اختتام پر اپنے اخراجات کا جائزہ لیتے ہوئے تنظیمی تبدیلیاں کرتی ہے۔

ادھر، مائیکروسافٹ کے گیمنگ ڈویژن کی سربراہ آشا شرما نے کہا ہے کہ ایکس باکس کاروبار کو ازسرِنو منظم کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اس کا منافع کم ہو کر صرف 3 فیصد رہ گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمپنی آئندہ مزید مؤثر کاروباری حکمت عملی اپنائے گی۔

رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ ایکس باکس یونٹ کو الگ کمپنی بنانے یا اسے مکمل ملکیتی ذیلی ادارے کے طور پر ازسرِنو منظم کرنے سمیت مختلف آپشنز پر بھی غور کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: مریخ مشن کے لیے اسپیس ایکس کا بڑا منصوبہ سامنے آ گیا

ٹیکنالوجی شعبے میں صرف مائیکروسافٹ ہی نہیں بلکہ ایمیزون اور میٹا سمیت دیگر بڑی کمپنیاں بھی اے آئی پر بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث رواں سال ہزاروں ملازمین کو فارغ کر چکی ہیں، کیونکہ سرمایہ کار اب مصنوعی ذہانت پر ہونے والی بھاری سرمایہ کاری کے عملی نتائج دیکھنا چاہتے ہیں۔